حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف بجلی کی قیمت میں دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی 60 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔
سرکاری پی ٹی وی نیوز کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرکے عوام کے لیے بڑے ریلیف کی تیاری کی گئی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھتے ہوئے پورا مالی فائدہ بجلی کی قیمتوں میں عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی نرخوں میں کمی کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکیج تیار کیا جارہا ہے، بجلی کےنرخوں میں کمی کے لیے پیکیج کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کیا جائے گا۔
مزید کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی عوام کو ریلیف دینے کا عہد کیا تھا، ریلیف سے بجلی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ مہنگائی میں بھی مزید کمی ہوگی۔