پاکستان

کرم گاڑیوں میں قافلے پر فائرنگ، لوٹ مار کے دوران ہیلی کاپٹر کی جوابی کارروائی

لوئر کرم کے علاقے چارخیل میں اشیائے ضروریہ کے قافلے پر مسلح افراد کی جانب سے آج ایک بار پھر فائرنگ کی گئی ہے، جس کے بعد گاڑیوں کو لوٹنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، حملے کے وقت 40 گاڑیاں ٹل سے پاراچنار کی جانب جا رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے گاڑیوں پر فائرنگ کی اور لوٹ مار کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری ردعمل دیا گیا اور لوٹ مار میں ملوث عناصر پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے جوابی فائرنگ کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق سات مقامات سے حملہ آوروں نے قافلے پر حملہ کیا۔

اسٹنٹ کمشنر ٹل سید احسان علی شاہ نے بتایا کہ 113 گاڑیاں ٹل سے روانہ ہوئی تھیں، جن میں سے کوئی بھی گاڑی ابھی تک واپس نہیں آئی، 17 سے 18 گاڑیاں ابھی بھی ٹل میں موجود ہیں جنہیں روک دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر کے مطابق تحصیل ٹل سے کرم کے لیے روانہ کئے گئے قافلے میں اشیائے خوردونوش سے لدی 129 سے زائد مال بردار گاڑیاں شامل ہیں۔

ڈی سی گوہر زمان وزیر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر 40 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ کرم کی جانب روانہ کیا گیا۔

روانگی سے قبل ضلعی انتظامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ کانوائے کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ راستے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

Back to top button