سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سہ فریقی سیریز کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 353 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 353 رنز بنائے ہیں۔
پروٹیز کپتان ٹیمبا باؤما نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے اننگز کے آغاز پر ہی پاکستانی بولرز کو دھو ڈالا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی وکٹ آٹھویں اوور میں 51 کے مجموعے پر گری لیکن یہ ٹیمبا باووما کو جارحانہ انداز میں کھیلنے سے روک نہ پائی۔ انھوں نے 96 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے بھی شامل ہیں۔
ٹونی زورزی نے 22 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جبکہ اپنے ڈیبیو میچ میں 150 رنز کی ریکارڈ اننگز کھیلنے والے میتھیو بریزکے نے آج بھی مایوس نہیں کیا اور وہ 83 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
پروٹیز کی جانب سے سب سے زیادہ کامیاب بلے باز ہینرک کلاسن رہے جنھوں نے 56 گیندوں پر 87 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جبکہ کائل ویرینے 44 اور کوربن بوش 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پروٹیز نے پاکستانی بولنگ لائن کو ہوم گراؤنڈ کا ایڈوانٹیج لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور نہ صرف گراؤنڈ کے چاروں جانب بلکہ گراؤنڈ کے باہر بھی شاٹس کھیلے۔
پاکستانی بولنگ لائن میں سب سے مہنگے بولر حسنین ثابت ہوئے جنھیں آٹھ اوورز میں 72 رنز پڑے۔ شاہین شاہ آفریدی نے دو، خوشدل شاہ اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا اس لیے اہم ہے کیونکہ میچ جیتنے والی ٹیم 14 فروری کو نیوزی لینڈ سے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں مد مقابل ہو گی