دنیا

لائن آف کنٹرول پر بارودی دھماکے میں دو انڈین فوجی ہلاک, کئی زخمی

انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے صوبے جموں میں لائن آف کنٹرول کے سیکٹر اکھنور میں بارودی دھماکے میں ایک افسر سمیت دو انڈین فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے فوجی ترجمان نے بتایا کہ ’ہماری فوج علاقے کا محاصرہ کررہی ہے اور تلاشی مہم جاری ہے۔‘

ترجمان کے مطابق منگل کی دوپہر کو جب یہ دھماکہ ہوا تو فوج کا ایک دستہ اکھنور کے علاقے بھٹال میں ایل او سی کی اگلی چوکی کے قریب گشت کررہی تھی۔

فوج کی شمالی کمان نے ایک بیان میں کہا کہ دھماکے کے فوراً بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اور زخمی فوجیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ منگل کے روز ہی نئی دلّی میں انڈین وزیرداخلہ امیت شاہ جموں کشمیر کی سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

انھوں نے فوج، پولیس، نیم فوجی اداروں اور خفیہ اداروں کے سربراہوں سے کہا کہ ’جموں پر فوکس کریں اور بالائی علاقوں میں اپنی پکڑ مضبوط کریں۔‘

ایک ہفتہ پہلے بھی امیت شاہ نے نئی دلی میں جموں کشمیر کی صورتحال سے متعلق ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تھی جس میں فوجی سربراہ جنرل اوپندر دِویدی، جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا اور دوسرے اعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔

واضح رہے 2020 میں انڈین اور پاکستانی افواج کے درمیان جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل کرنے کا اتفاق ہوا تھا۔

ایل او سی پر اب گولہ باری تو نہیں ہوتی لیکن گزشتہ چند برسوں کے دوران جموں کے راجوری، پونچھ، کٹھوعہ، ریاسی، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں مسلح تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔

جواب دیں

Back to top button