اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری، مزید 51 فلسطینی شہید، ریڈ کراس نے ’محفوظ رسائی‘ مانگ لی

اسرائیلی فورسز کی غزہ پر بمباری اور حملوں میں مزید 51 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ ریڈ کراس نے جنگ زدہ فلسطینی علاقے میں انتہائی ضروری امداد لانے کے لیے ’محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ غزہ شہر کے علاقے شیخ رادوان میں ایک کثیر المنزلہ مکان پر فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے۔
زیتون کے علاقے میں ایک اور شخص شہید ہوا، وسطی غزہ کے دیر البلاح شہر میں، جہاں لاکھوں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں، اور غزہ کے 8 تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے سب سے بڑے جبالیہ میں مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے۔
حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فلسطینی علاقے میں 51 افراد شہید ہوئے، جس کے بعد شہادتوں کی مجموعی تعداد 45 ہزار 936 تک پہنچ چکی ہے، گزشتہ 15 ماہ میں کم از کم ایک لاکھ 9 ہزار 274 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیلی فورسز نے اسپتالوں میں ایندھن کی سپلائی کو روکنا بند نہ کیا تو ناصر ہسپتال اور غزہ یورپین ہسپتال چند گھنٹوں میں کام بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔