فن اور فنکار

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سست، شوبز شخصیات کو بھی مشکلات کا سامنا

کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے سے جہاں مختلف کاروباری طبقوں کو پریشانی کا سامنا ہے، وہیں شوبز شخصیات کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے، جس وجہ سے زیادہ تر افراد کو واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی بر وقت مواد کی ترسیل نہیں کر پا رہے جب کہ دیگر آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور اداروں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔

ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے پر جہاں مختلف کاروبار ادارے اور افراد متاثر ہو رہے ہیں، وہیں شوبز شخصیات کو بھی آن لائن تفریح فراہم کرنے میں مسائل کا سامنا ہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے بھی اپنے ویڈیو بیان میں انٹرنیٹ کے انتہائی سست رفتار چلنے کی شکایت کی اور کہا کہ انہیں مختلف لوگ مختلف مشورے دے رہے ہیں کہ فلاں کمپنی کا انٹرنیٹ چل رہا ہے، کوئی کہتا ہے کہ کیبل نیٹ چل رہا ہے، کوئی کہتا ہے فلاں وقت پر موبائل انٹرنیٹ چل جاتا ہے۔

انہوں نے انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انسٹاگرام پوسٹ تک نہیں شیئر کر پا رہے۔

ان کی طرح اداکارہ رابعہ کلثوم نے بھی انٹرنیٹ سروسز کے سست رفتار ہونے پر مزاحیہ پوسٹ کی جب کہ اداکار و پروڈیوسر نبیل ظفر نے بھی انٹرنیٹ کی سست رفتاری پر مزاحیہ پوسٹ کی۔

زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین اپنی پوسٹس میں شکایت کرتے دکھائی دیے کہ انہیں ایک ایک پوسٹ شیئر کرنے میں کافی وقت لگ رہا ہے جب کہ وہ بہت ساری پوسٹس شیئر کرنے سے قاصر ہیں۔

اسی طرح واٹس ایپ صارفین نے بھی شکایات کیں کہ وہ وائس اور ویڈیو میسیجز ڈاؤن لوڈ نہیں کر پا رہے اور نہ ہی ان کی جانب سے بھیجے گئے وائس نوٹ یا ویڈیو میسیجز دوسرے صارف تک پہنچ رہے ہیں۔

وفاقی وزارت حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنے کے باعث وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف شہروں میں انٹرنیٹ بند یا سست کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے دیے جا رہے ہیں، جس وجہ سے وفاقی دارالحکومت اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں انٹرنیٹ کی رفتار بہت سست ہے جب کہ بعض مقامات پر موبائل سروسز بھی جزوی طور پر معطل کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button