لاہور: گرین ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو ہلاک، خاتون ساتھی زخمی
گرین ٹاون میں مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ڈاکو ہلاک ہوگئے اور ان کی خاتون ساتھی زخمی ہوئی ہیں جب کہ جوابی حملے میں ایس ایچ او سمیت 2 پولیس اہلکار زخمی بھی زخمی ہوگئے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو سنگین وارداتوں میں ملوث تھے اور وہ بینکوں کے باہر شہریوں سے واردات کرتے تھے۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ ہلاک ڈاکوؤں کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جب کہ ہلاک ڈاکوؤں کے گینگ لیڈر کی شناخت رضوان اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت کرلی گئی جن میں علی رضا، زین اور علی بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں، ڈاکوؤں کی لاشیں ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے منتقل کی گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے چند روز قبل انڈسٹریل اسٹیٹ میں بینک سے رقم لیکر جانے والے کار سوار کو روکا اور لوٹ لیا، واردات کی کلوز سرکٹ فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، ڈاکووں نے پولیس پر حملے کے دوران کلاشنکوف کا استعمال کیا۔
دوسری جانب، پولیس کی ریکی اور زخمی خاتون اقرا کی نقل وحرکت کی کلوز سرکٹ فوٹیجز سامنے آگئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات 7 بج کر 52 منٹ پر ڈاکوؤں کی مبینہ ساتھی اقرا گھر سے باہر نکلی، خاتون کو گلی کے باہر لگے کیمرے سے ٹریک کیا گیا، خاتون معمول کا سامان لینے گلی سے باہر مین بازار تک آئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کے زیر استعمال گاڑی کی بھی کلوز سرکٹ فوٹیج میں نشاندہی کی گئی، رات 2 بجے پولیس کی بھاری نفری نے مبینہ ڈاکوؤں کی رہائش گاہ پر ریڈ کیا، صبح 6 بج کر 33 منٹ تک مبینہ مقابلہ آپریشن مکمل کرلیا گیا۔