پاکستان

اسلام آباد میں صورتحال کراچی والی ہو گئی، بھتے کی پرچیاں آنے لگیں: چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتِ حال اب کراچی والی ہو گئی ہے، میرے اپنے جاننے والوں کو یہاں بھتے کی پرچیاں آئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کی بازیابی کی درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اسلام آباد میں امن و امان کی بگڑتی صورتِ حال پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب آپ بھی دیکھیں کہ مسنگ پرسنز کے واقعات کیوں ہو رہے ہیں؟

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم انتظار پنجوتھا کے واقعے کو اغواء برائے تاوان کے واقعے کے طور پر ہی لے لیں تو پھر بھی ان واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے، ابھی بازیاب وکیل کی ذہنی اور جسمانی حالت ایسی نہیں ہے، کچھ دن بعد پولیس اس معاملے کو مکمل انویسٹی گیٹ کرے، ایک مہذب معاشرے میں اظہارِ رائے کی آزادی ہونی چاہیے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی کوششوں سے بازیابی ہوئی، اس بات کو منفی انداز میں لیا جا رہا ہے۔

وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ انتظار پنجوتھا ابھی لاہور میں ہیں، پرسوں رات کو آئی جی کی کال آئی اور بتایا کہ ریکوری ہو گئی ہے، میں نے تھانہ کوہسار جا کر انتظار پنجوتھا کو لیا، ان کی حالت ایسی نہیں تھی، میں بتا نہیں سکتا کہ وہ کیا لمحہ تھا جب میں نے انتظار پنجوتھا کو دیکھا، یہ واقعہ کل کسی کے بھی ساتھ ہو سکتا ہے، ہمیں اس معاملے کو دیکھنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button