جنرل ظہیر جس تیسری قوت کی بات کرتے، وہ عمران خان تھا

جنرل ظہیر جس تیسری قوت سے ڈیلیور کروانے کی بات کرتے، وہ عمران خان تھا، نواز شریف مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بانی پی ٹی آئی بتائیں کہ جس تیسری قوت کا آپ ذکر کرتے تھے انھی لوگوں نے آپ کی سیاسی بنیاد نہیں رکھی۔ آپ جس انگلی کی طرف اشارہ کرتے تھے یہ وہی ایمپائر تھا۔‘
نواز شریف نے جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد خطاب میں کہا کہ’جنرل ظہیر الاسلام نے کہا کہ تیسری قوت ڈیلیور کر سکتی ہے۔ عمران خان آپ بتائیں کہ کیا تیسری فورس کا اشارہ آپ کی طرف نہیں تھا۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’اگر بانی پی ٹی آئی یہ کہہ دیں کہ تیسری قوت وہ نہیں تھے تو میں سیاسیت چھوڑ دوں گا۔‘
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’ہمیں جھوٹے مقدمات پر سزائیں دی گئیں۔ بتایا جائے کہ ہمارے خلاف جھوٹے کیسز کیوں بنائے گئے۔ ہم 28 مئی والے ہیں نومئی والے نہیں۔‘
نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ آج عمران خان کے خلاف تمام کیسز سچے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں خود چل کر بانی تحریک انصاف کے پاس گیا اور مل کر ساتھ چلنے کو کہا۔ انھوں نے کہا کہ سڑک بنوا دیں وہ ہم نے بنوا دی مگر اس کے بعد بانی پی ٹی آئی لندن چلے گئے اور وہاں لندن پلان بنا کہ نواز شریف کی حکومت کو ختم کرنا ہے۔
’دھرنوں کے دوران مجھ سے کہا گیا کے استعفی دیں، ورنہ وہ سلوک ہو گا جس کے لیے آپ تیار نہیں ہوں گے اور یاد رکھیں گے۔ میں نے کہا کہ میں نے کبھی استعفی نہیں دیا۔ جو چاہے آپ سلوک کر لیں۔‘