انجلینا جولی کے بیان پر ترجمان دفترِ خارجہ کا ردِ عمل

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے امریکی اداکارہ و فلم ساز انجلینا جولی کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
ہفتہ وار میٹنگ میں ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے یو این ایچ سی آر کی سابق سفیر انجلینا جولی کے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان شہریوں سے متعلق بیان پر کہا ہے کہ ایسے بیانات غلط فہمی کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں، پاکستان غیر قانونی مقیم افراد کے بارے میں کارروائی کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کو دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کا کہا ہے، ہمارے پاس انٹیلیجنس معلومات ہیں کہ دہشت گرد غیر قانونی مقیم افراد سے رابطے میں ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ افغانستان کے قائم مقام وزیرِ تجارت نے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی، پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت اور ٹرانزٹ ٹریڈ کی سہولت دیتا رہے گا۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات پر بنائے گئے کاروبار سے پاکستانی قوانین کے تحت نمٹا جائے گا، سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم ہے، یہ ٹاسک فورس غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی پراپرٹیز کا جائزہ لے رہی ہے، پاکستان سے 58 ہزار 368 افراد تیسرے ممالک میں چلے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ نے سعودی عرب میں فلسطین کے بارے میں او آئی سی سربراہ کانفرنس میں شرکت کی، پاکستان اسرائیل کی طرف سے انسانی حقوق کی تنظیموں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیل بین الاقوامی قوانین، انسانی اصولوں کے خلاف اسپتالوں پر حملے کر رہا ہے، پاکستان اس کی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم نے او آئی سی عرب لیگ کے مشترکہ اجلاس کے دوران خطاب میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی تھی، نگراں وزیرِ اعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نگراں وزیرِ اعظم نے فلسطینی عوام سے اظہارِ یک جہتی کیا، انہوں نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کےحل پر زور دیا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان او آئی سی اور عرب لیگ کے مشترکہ سمٹ کے اعلامیہ کا خیر مقدم کرتا ہے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان یونیسکو کے ایگزیکٹیو بورڈ میں 2027ء کے لیے منتخب ہو گیا ہے، اس حوالے سے پاکستان تمام خطوں میں رابطے قائم کرے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں زمینوں پر قبضے میں مصروف ہے، بھارت نے پلوامہ میں انسانی حقوق کے محافظین کی زمین قبضے میں لی، پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ پاکستان اور روس کے درمیان انسداد دہشت گردی کی روک تھام کے لیے اجلاس جاری ہے، پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری حیدر شاہ وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے یوکرین یا روس کو ہتھیار فروخت نہیں کیے، ہم اس پوزیشن میں بھی نہیں کہ بتا سکیں کہ اس تنازع میں کون سا فریق کیا ہتھیار استعمال کر رہا ہے، ہم جو ہتھیار کسی کو فروخت کرتے ہیں اس کا اینڈ یوزر سرٹیفیکٹ ہوتا ہے۔
دفترِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ممالک میں مقیم ریٹائرڈ افسران کو غیر ملکی کرنسی میں پنشن کے بارے میں معلومات دی گئیں، معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت ایک درخواست گزار کو معلومات دی گئیں، ہم سے نام نہیں مانگے گئے تھے۔
اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم ٹی ٹی پی کے خلاف ٹھوس کارروائی کے خواہاں ہیں، ہم چاہتے ہیں پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ پیدا کرنے والا یہ گروپ ختم کیا جائے۔