دلچسپ و حیرت انگیز

مہنگی ترین گائے کی ریکارڈ قیمت میں فروخت

برازیل کی سب سے مہنگی ترین گائے نے فروخت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، جس کی مالیت سُن کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق برازیل میں ہونے والی مویشیوں کی نیلامی میں ویاٹینا 19 فائیو مارا ایموویس نامی نیلور نسل کی گائے نے مہنگی ترین گائے کے تمام ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی مہنگی ترین گائے کا تعلق برازیل سے ہے، یہ گائے اتنی مہنگی ہے کہ اسے اپنے ملک میں گنے چُنے افراد ہی خریدنے کی استطاعت رکھتے ہیں، اس گائے کی مالیت 4.8 ملین ڈالر یعنی ایک ارب 33کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کا ازراہ مذاق کہنا ہے کہ ویاٹینا 19 لاطینی زبان نہیں بول سکتی اور نہ ہی ہارورڈ سے پی ایچ ڈی کرسکتی ہے اس کے باوجود یہ اتنی قیمتی ہے۔

ساڑھے چار سالہ مہنگی ترین گائے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا تعلق ایک خاص نسل ’نیلور‘سے ہے جو غیر معمولی گرمی برداشت کرنے کی خصوصی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ اس کا گوشت مؤثر غذائیت کا حامل ہوتا ہے۔

بنیادی طور پر نایاب گائے کی اس نسل کا تعلق بھارت سے ہے اور اس کا نام ریاست آندھرا پردیش کے ضلع نیلور سے لیا گیا ہے تاہم اب یہ برازیل کی اہم ترین نسلوں میں سے ایک بن گئی ہے۔

نیلور نسل کی خصوصیت کی پہچان اس کی چمکیلی سفید کھال اور کندھوں کے اوپر مخصوص اور خوبصورت کوہان سے ہوتی ہے۔ اس گائے نے 4.8 ملین ڈالر میں فروخت ہونے کے بعد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button