کوئی سمجھتا ہے انصاف نہیں ہوا تو قیامت کے دن میں ان کو اپنی سب سے بہتر نیکی دینے کو تیار ہوں، چیف جسٹس
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمدابراہیم کا کہنا ہے کہ کوئی سمجھتا ہے انصاف نہیں ہوا تو قیامت کے دن میں ان کو اپنی سب سے بہتر نیکی دینے کو تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمدابراہیم کے کمرہ عدالت میں ختم القرآن کااہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر چیف جسٹس محمد ابراہیم نے کہا کہ مارچ 2021 میں ایبٹ آباد میں یہ سلسلہ شروع کیا تھا، یہ ہمارے ملک کو امن کا گہوارہ بنا دے، :للہ ہمارے ملک پر رحم کرے،جو حالات ہیں اسےبہترکرے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے ہمارے ملک میں انصاف کا بول بالا ہو، کچھ عرصہ میں1 ہزار سے زائد ایسی درخواستیں سنیں جودوسرے صوبوں سے یہاں آئیں، ہم نے کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی، قانون کے مطابق درخواستوں کوسنا۔
انھوں نے کہا کہ جتنے سائلین آئے ان کی ذمہ داری لیتا ہوں کہ میں نے ان کو انصاف دیا ، کوئی سمجھتا ہے انصاف نہیں ہوا تو قیامت کے دن میں ان کو اپنی سب سے بہتر نیکی دینےکوتیار ہوں۔
جسٹس محمدابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کے جتنے ججز ہیں ان پر مکمل اعتماد ہے اور مجھے امید ہے پشاور ہائیکورٹ میں جو بھی آئے گا اس کو انصاف ملے گا کیونکہ پشاور ہائیکورٹ میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے ہوتے ہیں۔