انتخابات

انتخابی مہم کا آج آخری دن، سیاسی جماعتیں پاور شو کریں گی

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن مہم کا آج آخری دن ہے تمام سیاسی جماعتیں آج بھرپور پاور شو کریں گی۔

ملک بھر میں جمعرات 8 فروری کو عام انتخابات ہو رہے ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ الیکشن کمیشن قواعد کے مطابق آج انتخابی مہم کا آخری دن ہے اور تمام سیاسی جماعتیں اپنا آخری سیاسی پاور شو کرنے کے لیے بھرپور تیار ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں آج قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسہ کرے گی۔ جلسہ دوپہر 2 بجے ریلوے گراونڈ میں ہو گا جس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز شرکت اور خطاب کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جلسے کے لیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور پنڈال سمیت اطراف میں پارٹی سربراہ نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز کی تصاویر والے پینا فلیکسس آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ حلقے این سے 132 کھڈیاں سے شہباز شریف ن لیگ کی جانب سے مضبوط امیدوار ہیں۔

دوسی جانب پیپلز پارٹی بھی اپنے سیاسی گڑھ لاڑکانہ میں آج انتخابات کے سلسلے میں اپنا آخری پاور شو کر رہی ہے۔

لاڑکانہ کے میونسپل اسٹیڈیم میں آج شام جلسہ ہوگا جس سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری، آصفہ بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام، ایم ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی، آئی پی پی سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی انتخابی مہم کے آخری روز جلسے، جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button