ٹک ٹاک بنانے پر لڑائی ، بہن نے بہن پر گولیاں برسا دیں
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں ٹک ٹاک بنانے کے دوران بہنوں میں ہونے والے معمولی سے جھگڑے نے چھوٹی بہن کی جان لے لی۔
ایک نجی نیوز ویب سائٹ کو ملنے والی معلومات کے مطابق گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر میں 29 دسمبر کو نبیل افضل اپنی والدہ اور دو بہنوں ماریہ افضل اور صباء افضل کے ہمراہ اپنی پھوپھو کی طرف گئے۔
گھر کے سب افراد اپنی باتوں میں مصروف تھے جبکہ 19 سالہ ماریہ اور 14 سالہ صباء دوسرے کمرے میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنا رہی تھیں۔ اس دوران شور شرابا ہوا جسے گھر والوں نے معمول کی شرارت سمجھ کر نظر انداز کر دیا۔
اچانک ہی پستول سے گولی چلنے کی زوردار آواز سنائی دی اور نبیل افضل سمیت دیگر اہلخانہ کمرے کی جانب بھاگے جہاں 14 سالہ صباء خون میں لت پت پڑی تھی۔
صباء کی گردن کے بالکل نیچے گولی لگی تھی اور وہ ہسپتال لے جاتے ہوئے رستے میں ہی دم توڑ گئی۔ نبیل افضل نے تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں مقدمہ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اس کی چھوٹی بہن صباء کو بڑی بہن ماریہ نے ’ٹک ٹاک کی وجہ سے گولی ماری ہے۔‘
مقدمے کے متن کے مطابق ’دونوں بہنوں کے درمیان ٹک ٹاک بنانے کی وجہ سے تکرار ہوئی تو ماریہ نے غصے میں آ کر صباء کو گولی مار دی۔ ‘
اس کیس کے تفتیشی افسر نصیر احمد نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے لیکن اب تک ملزمہ کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
مدعی مقدمہ اور دونوں بہنوں کے بھائی نبیل افضل نے بتایا کہ ’ہم نے اپنی بہن کی تدفین کر دی ہے اور صدمے سے دوچار ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ معاملے کو مزید طول نہ دی جائے۔ سب کے گھر میں بہنیں ہوتی ہیں جو بعض اوقات شرارت بھی کرتی ہیں۔ اکثر ایسے واقعات ہوجاتے ہیں۔ میری بہن کی تقدیر میں ایسی موت لکھی تھی۔‘
تھانہ صدر سرائے عالمگیر کے ایک اہلکار کے بقول ’پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر بڑی بہن نے چھوٹی بہن پر اس لیے گولی چلائی کہ اُس نے ٹک ٹاک ویڈیو ٹھیک طریقے سے نہیں بنائی تھی