انتخابات

فافن کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر اوز کے فیصلے شائع کرنے کا مطالبہ

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر اوز کے فیصلے شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ 

اس حوالے سے ایک بیان میں فافن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران کسی بھی امیدوار کے کاغذات مسترد کرنے کا اپنا فیصلہ جاری کریں۔

فافن کے مطابق تفصیلی فیصلوں کا اجراء کاغذات مسترد کرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ضروری ہے۔

فافن نے کہا کہ ضوابط کے خلاف کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر الیکشن کمیشن اختیارات استعمال کرے، فافن کے مطابق خلاف ضابطہ کاغذات مسترد کرنے پر الیکشن کمیشن متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔

فافن کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت آر اوز کاغذات مسترد یا منظور کرنے کے فیصلے جاری کرنے کے پابند ہیں۔ الیکشن 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 12.4 فیصد رہی ہے۔

فافن کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 10.4 فیصد رہی تھی۔ جبکہ الیکشن 2013 کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کی شرح 14.6 فیصد رہی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button