گڈوپاور پلانٹ کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث دھماکا

گڈو پاور پلانٹ کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث دھماکا ہوگیا جس کی وجہ سے سندھ پنجاب اوربلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق گڈو تھرمل پاور ہاؤس کے 500 کے وی سوئچ یارڈ ٹرپ ہونے کے آگ لگ گئی جس کے بعد گڈو پلانٹ کے گرڈ اسٹیشن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
حکام کا بتانا ہے کہ فنی خرابی کے باعث پاور ہاؤس کے سوئچ یارڈ میں دھماکا ہوا، پاور پلانٹ میں لگنے والی آگ سخت جدوجہد کے بعد بجھادی گئی تاہم لائنیں ٹرپ ہو نے سے سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے مرمتی کام سست روی کا شکار ہے، 9 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی گڈو تھرمل پاور ہاؤس سے متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔
حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرمتی کام دھندکی وجہ سے سست روی کا شکار ہے دھند کم ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔