تازہ ترینخبریںفن اور فنکار

عثمان اور ثمینہ پیرزادہ کی شادی کی کہانی: ہم نے چھپ کر نکاح کیا

سینئر اداکار عثمان پیرزادہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 21 اور ثمینہ پیرزادہ 17 سال کی تھیں جب انہوں نے گھر سے بھاگ کر مسجد میں نکاح کیا، جہاں ان کے دوست کے گھر کا مالی اور ایک باورچی گواہ بنے تھے۔

عثمان پیرزادہ کو شوبز انڈسٹری میں نصف صدی سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
ان کی طرح ان کی اہلیہ اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی پی ٹی وی سے اداکاری کا آغاز کیا اور دونوں نے متعدد ڈراموں میں ایک ساتھ اداکاری بھی کی۔
اداکار عثمان پیرزادہ نے اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کے بارے میں بات کرتےہوئے کہا کہ ’گزشتہ ماہ ہمیں ایک دوسرے کو جاننے کے 50 سال ہوگئے تھے ورنہ ہماری شادی کو 48 سال ہوگئے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ثمینہ پیرزادہ سیدھی بات کرتی ہیں، کوئی ڈھکا چھپا کر بات نہیں کرتیں جس کی وجہ سے مجھے ان کی کچھ باتیں اچھی نہیں لگتی لیکن وہ ایسی ہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک ساتھ بڑے ہوئے ہیں، بچپن کے دور میں، میں وہ لڑکا تھا جو دوسروں کو لیکچر دیتا تھا کہ 35 سال سے قبل شادی نہیں کرنی لیکن میں نے 21 سال کی عمر میں شادی کرلی اور ثمینہ 17 سال کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے گھر سے بھاگ کر سب سے چھپ کر شادی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’جاوید جبار کی فلم کی شوٹنگ کا آخری دن تھا، شوٹنگ سے فارغ ہوکر ہم ایک جگہ کافی پی رہے تھے، باتوں کے دوران ثمینہ نے کہا کہ ’چلو آج شادی کرلیتے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا ’ہم دونوں ٹیکسی میں بیٹھے اور اپنے ایک دوست کے گھر پہنچ گئے، میں نے دوست سے کہا کہ ہمیں شادی کرنی ہے، قریبی مسجد لے چلو وہاں نکاح کرتے ہیں‘۔

عثمان پیرزادہ نے بتایا کہ ’ہم مسجد پہنچے تو مولانا صاحب سے نکاح پڑھانے کا کہا، مولانا مجھے دیکھ کر حٰیران ہوگئے، لیکن وہ بعد میں سمجھ گئے کہ ہم گھر والوں سے چھپ کر نکاح کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’ہمارا نکاح پڑھوانے سے قبل مولانا صاحب ڈگمگا گئے تھے، میں نے ان سے کہا کہ ہم دونوں کی شادی کی عمر ہوچکی ہے، ہم نے اپنے شناختی کارڈ دکھائے اور پھر مولانا صاحب راضی ہوگئے۔‘

اداکار نے انکشاف کیا کہ ’نکاح کے وقت گھر کا مالی اور ایک باورچی گواہ بنے تھے، ہم نکاح کرکے ثمینہ کے گھر واپس چلے گئے، میرے ہاتھ میں لڈوؤں کا ڈبہ تھا، ثمینہ کی والدہ کو بتایا کہ میں نے نکاح کرلیا ہے اب بتائیں کیا کرنا ہے۔‘ بہت ناراضی ہوئی لیکن پھر قبول کر لیا گیا۔

جواب دیں

Back to top button