
نگراں پنجاب حکومت نے اسموگ کے باعث لاہور میں ہفتے کے روز تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر رکھنے کا اعلان کر دیا۔
کابینہ کمیٹی انسداد اسموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ لاہور میں ہفتے کے روز تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں دوپہر 3 بجے کے بعد کھلیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں اسموگ ایئر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے، اس پر قابو پانے کیلیے اعلیٰ اختیاراتی انوائرمینٹل کمیشن قائم کیا جائے گا، مصنوعی بارش برسانے کیلیے یونیورسٹی کے ماہرین سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی ماہرین کی ٹیم کو مشاورت کیلیے لاہور آنے کی دعوت دی ہے، ماہرین کی مشاورت سے اسموگ پر قابو پانے کیلیے اقدامات کریں گے، پنجاب حکومت کی ایک اور خصوصی ٹیکنیکل ٹیم بدھ کو الماتا روانہ ہوگی، صوبے میں پہلی بار انوائرمینٹل لیب قائم کی جائے گی۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں غیر معیاری فیول کی چیکنگ تیز کر دی ہے، غیر معیاری پیٹرول فروخت کرنے والے پمپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی سربراہی میں ٹیم کسانوں کیلیے جدید مشینری کا تعین کرے گی، بینکوں کے ساتھ مل کر کسانوں کیلیے جدید مشینری خریدیں گے، ماحولیات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلیے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن قائم کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ اختیاراتی انوائر مینٹل کمیشن ماحولیاتی آلودگی کی جنگ لڑے گا، لاہور سمیت ماحولیاتی آلودگی کا شکار علاقوں میں مصنوعی بارش کی جائے گی۔