تازہ ترینخبریںسیاسیات

’آج چیئرمین پی ٹی آئی اچھے موڈ میں تھے‘

اٹک جیل میں قید سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ان کے وکلا کی ملاقات کا احوال سامنے آگیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی سے ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور شیر افضل مروت نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور احوال میڈیا کو بتایا۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے میری ملاقات 45 منٹ جاری رہی، وقت کی کمی کے باعث بہت کم بات چیت ہو سکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ وہ ٹھیک ہیں اور اپنے وکیل عمیر نیازی سے بھی ملنا چاہتے ہیں، بہت سارے کیسز میں مختلف وکلا کی ملاقات ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں کتابیں پڑھ رہے ہیں، جیل میں سہولتیں پہلے جیسی ہیں اور کمرے کے حالات وہی ہیں۔

جیل میں شیر افضل مروت کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے مقدمات اور ملکی حالات پر گفتگو ہوئی، آج وہ اچھے موڈ میں تھے اور بہت اچھے لگ رہے تھے۔

چند روز قبل وکیل نعیم حیدر پنجوتہ نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ وہ بالکل صحت مند اور تندرست ہیں، انہوں نے واضح کیا ہے کہ میں ملک چھوڑ کر کہیں جانے والا نہیں۔

’چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جب تک ملک کے اندر سیاسی استحکام نہیں آتا تب تک معاشی استحکام بھی نہیں آئے گا۔ عدالتی فیصلے نہیں مانے جائیں گے تو سرمایہ کاری کیسے آئے گی؟ الیکشن آئین کے مطابق 90 دن میں ہونے چاہیے۔‘

لیگل ٹیم میں شامل وکیل شعیب شاہین نے بتایا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی صرف پاکستانیوں کیلیے پریشان ہیں، ملک اس وقت جیل کا منظر پیش کر رہا ہے، سابق وزیر اعظم چھوٹی جبکہ عوام بڑی جیل میں ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button