الودعی ملاقات: وزیر اعظم کی آرمی چیف کے لئے غیر معمولی مدح سرائی

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل ہماری حکومت کی مدت ختم ہوجائے گی، ہمارے جانے سے پہلے ملکی ترقی و خوشحالی کا جامع مربوط نظام معرض وجود میں آچکا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بہت شکرگزار ہوں جنہوں نے جوں ہی منصب سنبھالا بغیر وقت ضائع کیے مجھ سے کہا کہ یہ ہے پاکستان کو آگے بڑھانے کا پروگرام، انہوں نے اسپیشل انوسٹمنٹ فیسلییٹیشن کونسل کے قیام میں ہمارا ہاتھ بٹایا۔
شہباز شریف آرمی آڈیٹوریم میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی تھے۔
انہوں نے شہداء، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو ان کی لاتعداد قربانیوں اور مادر وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے شہداء کے 70 خاندانوں اور 30 جنگی زخمیوں میں خصوصی مالی امداد کے چیک تقسیم کئے۔ شہدا کے وارڈز میں ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے تحت لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے۔