
یوکرین کی سکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کو صدر ولادیمیر زیلنسکی کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔سکیورٹی سروس کے مطابق قتل کی یہ سازش روس کی جانب سے تیار کی گئی تھی۔
سکیورٹی سروس نے کہا کہ اس خاتون نے جون میں سیلاب سے متاثرہ علاقے ’مائکولیو‘ کے دورے سے قبل صدر زیلنسکی کے سفر کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی تھی۔
یوکرین باقاعدگی سے ان مقامی باشندوں پر الزام لگاتا رہا ہے جو روس کی حمایت کرتے ہیں اور مبینہ طور پر ماسکو کی فوج کو مدد کی غرض سے معلومات فراہم کرتے ہیں۔
صدر زیلینسکی نے تصدیق کی کہ انھیں خاتون کی گرفتاری کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوکرین کی سکیورٹی سروس ’ایس بی یو‘ کے سربراہ نے انھیں ’غداروں کے خلاف لڑائی‘ کے بارے میں اپ ڈیٹ دی تھی۔
تا حال روسی حکام کی جانب سے اس گرفتاری پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
یوکرین کی سکیورٹی سروس ’ایس بی یو‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خاتون کو اس وقت ’رنگے ہاتھوں‘ گرفتار کیا گیا جب وہ روسیوں کو خفیہ معلومات پہنچانے کی کوشش کر رہی تھیں۔
انھوں نے الزام لگایا کہ دورے سے پہلے اس خاتون نے جنوبی میکولیو کے علاقے میں صدر زیلینسکی کے منصوبوں کا پتہ لگانے کے لیے انٹیلیجنس جمع کرنے کی کوشش کی۔