
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل اجلاس ہوا جس میں سندھ، پنجاب اور کے پی کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی جبکہ بلوچستان کے وزیر منصوبہ بندی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
توانائی بچت پلان قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں پیش کردیا گیا، جس میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس فیصلے سے سالانہ 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی بچت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں مارکیٹیں جلد بند کرنے سے 28 لاکھ 50 ہزار یونٹ بجلی بچے گی۔
توانائی بچت پلان کے تحت عام بلب کے استعمال پر پابندی کی بھی تجویز ہے، جس کے ذریعے 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی بچت متوقع ہے، عام بلب کے استعمال پر پابندی سے ایک ارب یونٹ بجلی کی بچت ہوگی۔