تازہ ترینخبریںپاکستان

حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم

پنجاب اور کے پی میں انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہوگیا، بات چیت کا تیسرا مرحلہ منگل کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کا آغاز پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی نمائندگی اسحٰق ڈار، یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر نے کی جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور بیرسٹر علی ظفر شامل تھے۔

منگل کو تقریباً فائنل مذاکرات ہوں گے۔ اسحاق ڈار

مذاکرات کی نشست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہمارے درمیان یہ طے ہوا ہے کہ آج کی تمام بات چیت ہم اپنے قائدین کے ساتھ شیئر کریں گے، کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، مذاکرات کا تیسرا دور منگل کو11بجے ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ دونوں طرف سے پروپوزل آئے جو قائدین کے سامنے رکھے جائیں گے، منگل کو تقریباً فائنل راؤنڈ کے مذاکرات ہونگے۔

مذاکرات میں مناسب پیشرفت ہوئی ہے، شاہ محمود قریشی

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری نیت ہے کہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مسئلے کا حل تلاش کریں،آج مذاکرات میں مناسب پیشرفت ہوئی ہے، لاہور جائیں گے اور چیئرمین عمران خان کو پیشرفت پراعتماد میں لیں گے، مذاکرات اور گرفتاریوں سے متعلق حکومتی کمیٹی کو کہا ہے کہ یہ کیا کررہے ہیں؟

گرفتاریاں ہونگی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، فواد چوہدری

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گرفتاریوں کے معاملات مذاکرات کے عمل کو تباہ کردیں گے، حکومت کہتی ہے کہ ہم گرفتاریاں نہیں کررہے، گرفتاریاں کریں گے تو پھر ان مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، امید ہے کہ منگل کو معاملہ کسی طرف چلا جائے گا، ماحول بہتررکھیں تو یقیناً کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں، کشور زہرہ 

اس حوالے سے حکومتی مذاکراتی ٹیم کی رکن کشورزہرہ نے کہا کہ مذاکرات میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، مذاکرات میں کسی کی ہار یا جیت نہیں ہوگی، حکومت،اپوزیشن دو قدم پیچھے ہٹیں گے تو درمیانی راستہ نکل آئے گا، آگے بجٹ اور معاشی چیلنجز بھی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا تھا جس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا تھا تاہم دونوں کمیٹیوں نے مذاکرات جاری رکھنے اور دوبارہ بیٹھنے پر اتفاق کیا تھا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button