تازہ ترینخبریںپاکستان

توہین عدالت پر وزیراعظم کو سزا، وزرا کو نا اہل کیا جائے، اعتزاز احسن

معروف قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم، وزیر قانون اور رانا ثنا اللہ ذمے دار ہیں انہیں سزا ہونی چاہیے۔

معروف قانون دان اعتزاز احسن نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں لکھا ہے 90 روز میں الیکشن ہوں اور سپریم کورٹ نے آئین و قانون پر عمل کرنا ہے۔ سپریم کورٹ کہہ رہی ہے 14 مئی کو الیکشن ہوں۔ اس کے بعد رانا ثنا اللہ کہتا ہے کہ ہم 14 مئی کو الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔ الیکشن نہ ہونےکی صورت میں وزیراعظم، وزیر قانون اور رانا ثنا اللہ ذمے دار ہیں۔

سینیئر قانون دان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ فوری طور پر وزیراعظم، رانا ثنااللہ، اعظم نذیر تارڑ اور الیکشن کمیشن کو طلب کرے اور ان سے ان کے بیانات کی وضاحت لے۔ وزیراعظم سے پوچھا جائے کہ کیوں کہا کہ ہم بینچ ہی نہیں مانتے اس کا فیصلہ کیسے مان لیں۔ وزیراعظم اکیلا یہ بات نہیں کرسکتا یہ گھبراتا ہے۔ یہ مان لیں ہم نے سپریم کورٹ کے حکم کی توہین کی ہے۔ وزیراعظم کو بھی سزا ہونی چاہیے۔ ان لوگوں کو 5، 5 سال کے لیے نا اہل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی نظریہ ضرورت یہ ہے کہ میں ہی بیٹھا رہوں اور حکمران رہوں۔ اس نظریہ ضرورت نے پاکستان کو برباد کیا ہے۔ ملک میں 4 بار مارشل لا لگا اور آئین کو باہر پھنک دیا گیا۔ اب نظریہ ضرورت کو دفن اور اس قوم کو اور افسر شاہی کو ڈسپلن میں لانا پڑے گا۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ عمران خان ہوسکتا ہے کہ الیکشن میں اکثریت لے جائے لیکن اس کا پلڑہ اتنا بھاری نہیں ہونا۔ اس پر 140 مقدمات بنا دیے گئے۔ کسی کو ناقابل شکست بنانا ہے تو مقدمے کرو اور یہ خود عمران خان کا قد بڑھا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button