تازہ ترینخبریںسیاسیات

ایم کیو ایم نے دیوار میں لگی کلہاڑی پر سر مار دیا، علی زیدی

پاکستان تحریک انصاف سندھ صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے دیوار میں لگی کلہاڑی پر سر مار دیا۔

رات گئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابوجی نے انہیں کہا تمھارے پاس امیدوار نہیں، الیکشن میں کیوں کھڑے ہورہے ہو، اسی لیے ایم کیو ایم بائیکاٹ کرگئی۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ عمران خان کو چھوڑیں گے تو عوام پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہوگی، کراچی اور حیدرآباد میں پی ٹی آئی کا مئیر بنے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ حضرت خالد مقبول صدیقی کو آمد ہوئی کہ میئر خیرات میں دیا جائے گا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ زکوٰۃ کھانے والے، فطرہ چوری کرنے والے کسے خیرات دیں گے، خدمت خلق فاؤنڈیشن کی گاڑیوں میں اسلحہ لے جانے والے کسے خیرات دیں گے

علی زیدی نے کہا کہ قربانی کی کھالیں چھیننے والے کسے خیرات دیں گے، ہر زبان کے بولنے والوں کا قتل عام کرنے والے کسے خیرات دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن رولز کی دھجیاں اڑا رہی ہے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔

قبل ازیں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس انتخابات کے لیے امیدوار ہی نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم والوں کے پاس الیکشن کے بائیکاٹ کا بہانہ اچھا ہے، یہ بائیکاٹ کردیں گے لیکن حکومت نہیں چھوڑیں گے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی ہوچکی ہے، ہم بلدیاتی الیکشن کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button