تازہ ترینخبریںدنیا

بیلجیئم میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ لوگوں کی توجہ کا مرکز

بیلجیئم میں منعقد ہونے والے سالانہ ’یوم ورثہ 2022‘ میں پاکستان کا شاندار ثقافتی ورثہ اور اس کے سٹریٹ فوڈ آئٹمز لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

اس حوالے سے سیکڑوں مقامی لوگوں نے دن بھر سفارت خانہ پاکستان میں اس ثقافت کی عکاسی کرنے والی اشیاء کو ملاحظہ کیا جنہیں مختلف سٹالز پر خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔

ان اشیاء میں فن پارے، تصاویر، زیورات، دستکاری، پاکستان کی مختلف برآمدی مصنوعات اور اس کے روایتی ملبوسات شامل تھے جو پاکستان کے قدیم ورثے، ثقافتی تنوع، سیاحت اور برآمدی صلاحیت کی نمائندگی کررہے تھے۔

واضح رہے کہ یورپین دارالحکومت برسلز میں اربن برسلز کے زیر اہتمام 1989 سے ’یوم ورثہ‘ کے عنوان سے ہر سال مختلف ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔

یورپ کا دارالحکومت اور ایک بین الاقوامی شہر ہونے کے ناطے سے برسلز میں ان تقریبات کا بہت شدت سے انتظار کیا جاتا ہے۔

اس سال اربن برسلز نے تمام سفارت خانوں کو مدعو کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں لوگوں کو دعوت دیں اور اپنا ثقافتی ورثہ ان کے سامنے پیش کریں۔

اسی مناسبت سے پاکستانی سفارت خانے نے بھی اپنے دروازے عام لوگوں کیلئے کھولے تھے جہاں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس تقریب کا رسمی افتتاح کیا ۔

اس موقع پر سفارت خانے میں آنے والے مہمانوں کے سامنے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں آنے والے غیر معمولی سیلاب کی صورتحال سے آگاہی اور اس دوران کی جانے والی مدد اور بچاؤ کیلئے خصوصی ویڈیو پریزینٹیشن بھی پیش کی گئی۔

اس کے ساتھ ہی ملک کے ثقافتی رنگ اجاگر کرنے والی دستاویزی فلموں کی نمائش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

اس نمائش کے موقع پر سفارت خانے کی جانب سے آنے والے تمام مہمانوں کی پاکستان کے روائتی اسنیکس پکوڑے، سموسے، کباب اور تازہ جلیبی سے تواضع کی گئی۔

مہمانوں کی جانب سے سفارت خانے کے حکام کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کو خوب سراہا بھی گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button