تازہ ترینخبریںپاکستان

عمران خان سے بات کرنے کیلیے تیار ہیں ، وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک اور عوام کی خاطر ذاتی انا آڑے نہیں آئے گی، عمران خان سمیت سب سے بات چیت کیلیے تیار ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہمیشہ بات چیت کے لیے تیار رہی ہے، بطور اپوزیشن میثاق معیشت کے لیے دعوت دی تھی اور اس کے لیے آج بھی تیار ہیں، عمران خان کو تو صرف اقتدار چاہیے، لیکن ہم پاکستان اورعوام کی خاطر ذاتی انا آڑے نہیں آنے دیں گے اور عمران خان سمیت سب سے بات چیت کیلیے تیار ہیں۔ ملک کا بڑا حصہ اس وقت سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، متاثرین کو تعاون چاہیے، اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے لیکن پی ٹی آئی مسلسل ملک میں عدم استحکام کیلئے لگی ہوئی ہے، جان بوجھ کر مختلف معاملات کو بنیاد بنا کر سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے، تاہم ملک میں انتشار پیدا کرنے کی اس کی تمام کوششیں ناکام بنائی جائیں گی، جب اقتدار میں آئے تب سے اب تک حالات بہتر ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ ثمرقند کامیاب رہا ہے، اس دورے میں 10 سربراہان مملکت سے ملاقاتیں ہوئیں، کئی سرکاری اور غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں، اس موقع پر پاکستان میں سیلاب کے حوالے سے بات چیت توجہ کا مرکز رہی۔

دفاع کا کہنا تھا کہ دورہ ثمرقند میں وزیراعظم شہباز شریف نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی بار بار بات کی اور سب کو باور کرایا کہ پاکستان اوزون لیئر کی خرابی کا ذمے دار نہ ہوتے ہوئے بھی زیادہ متاثر ہوا، یو این سیکرٹری جنرل پاکستان کیلئے بات کر رہے ہیں، توقع ہےعالمی برادری پاکستان کیساتھ تعاون کرے گی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج برطانیہ جائیں گے جہاں وہ ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے، وہاں سے شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے نیویارک روانہ ہوجائیں گے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button