تازہ ترینتحریکخبریں

پی ٹی آئی سے اب کوئی تعلق نہیں نہ عمران خان میرے لیڈر ہیں ، ایم پی اے تحریک انصاف

تحریک انصاف خیبرپختونخوا سے رکن صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ایم پی اے محمد فہیم نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے دعوٰی کیا ہے کہ ’20 اراکین اسمبلی مجھ سے رابطے میں ہیں۔
خیال رہے گزشتہ ایک ماہ سے پارٹی کے اندر گروپ بندی کی چہ مگوئیاں ہو رہی تھی جن کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے افواہیں کہہ کر رد کیا جارہا تھا۔ تاہم آج پشاور سے رکن صوبائی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے دیرینہ کارکن محمد فہیم کھل کر پارٹی چیئرمین عمران خان کے خلاف سامنے آگئے۔
پشاور کے حلقہ پی کے 72 سے ایم پی اے محمد فہیم نے کہا ہے عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔عمران خان ریاست مدینہ کی باتیں کرتے ہیں مگر عملی طور پر سب اس کے برعکس ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے لوگوں کی ذہن سازی پر کام کیا ہے وہ جانتے ہیں کہ جھوٹ کو سچ کیسے بنانا ہے۔ عمران خان کا کارکن تھا اور 15 سال میں نے پارٹی کے لیے محنت کی۔‘
ملکی اداروں کے خلاف باتیں کرنا کیسی آزادی کی تحریک ہے۔ ہم نے ملک کو مضبوط بنانا ہے نہ کہ کمزور کرنا ہے۔
ایم پی اے محمد فہیم نے بتایا کہ جب 2018 میں صوبے میں ہماری حکومت بنی تو چھ ماہ بعد مجھے احساس ہوا کہ جلسوں میں جو نعرے لگتے تھے اس کے الٹ ہو رہا ہے۔
میں سمجتا تھا کہ کرپشن میں وزیراعلٰی اور دیگر افراد ملوث ہیں مگر پھر مجھے پتہ چلا کہ یہ معاملات بنی گالہ تک پہنچ رہے ہیں۔ہم 11 ایم پی ایز نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ میں نے خان صاحب کو بی آر ٹی میں کرپشن سے متعلق فائل دکھائی مگر انہوں نے بات اِدھر أدھر کر دی۔ انہوں نے میرے سوالات کو مذاق میں ٹال دیا، اس وقت مجھے احساس ہوا کہ یہ سب دکھاوا ہے۔
انہوں نے دعوٰی کیا کہ محکمہ صحت ہو یا تعلیم ہر شعبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے، رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔ اب میں مزید جھوٹ بول کر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔
میرا پی ٹی آئی سے اب کوئی تعلق نہیں نہ عمران خان میرے لیڈر ہیں۔ میرے ساتھ باقی رہنما بھی ہیں جو عمران خان کی قیادت سے نالاں ہیں اگر عمران خان نااہل ہو جاتے ہیں تو ہم صرف پرویز خٹک کی قیادت کو تسلیم کریں گے ورنہ ہم کسی اور کو نہیں مانتے۔
ان کے مطابق وہ فی الحال کسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہے ہیں مگر جھوٹے اور دھوکے باز لیڈر کے پیچھے کام نہیں کریں گے۔
ادھر چارسدہ سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر قانون سلطان محمد خان کے بارے میں تحریک انصاف چھوڑ جانے کی افواہیں گرم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button