
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے صدر سینیٹر ایمل ولی خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے سینیٹر ایمل ولی خان کو جماعت اسلامی کے احتجاج اور دھرنوں میں شرکت کی دعوت دی جسے سینیٹر ایمل ولی خان نے خوش دلی سے قبول کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ عوامی کاوش قابل تعریف ہے۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے دھرنوں میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو عوامی حقوق اور مہنگائی کے خلاف اکٹھا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا حکومت فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز و لیوی کا بوجھ کم کر کے عوام کو ریلیف دے۔
ان کا کہنا تھا پٹرولیم لیوی اور مہنگی بجلی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک جاری رہے گی۔ سینیٹر ایمل ولی خان نے جماعت اسلامی کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا مہنگائی اور پٹرولیم لیوی کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔







