
ارجنٹینا کے معروف فٹبالر لیونیل میسی نے الجزائر کے خلاف شاندار ہیٹ ٹرک کر کے فیفا عالمی کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لیونل میسی 38 سال 357 دن کی عمر میں عالمی کپ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سینئر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میسی نے عالمی کپ 2026ء کے اپنے پہلے میچ میں 3 گول اسکور کیے اور ارجنٹینا کو الجزائر کے خلاف 0-3 سے کامیابی دلائی
انہوں نے پہلا گول طویل فاصلے سے شاندار شاٹ پر کیا، دوسرا گول ریباؤنڈ پر قریب سے اسکور کیا جبکہ تیسرا گول خوبصورت انفرادی موو کے بعد کیا۔
اس کارکردگی کے ساتھ میسی نے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 2018ء عالمی کپ میں 33 سال کی عمر میں اسپین کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق میسی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 200 ویں میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے، ہیٹ ٹرک کے بعد ان کے عالمی کپ کے لیے گولز کی تعداد 16 ہو گئی جس کے ساتھ وہ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے برابر عالمی کپ کی تاریخ کے مشترکہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔







