تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

یو اے ای کا قرض واپسی کا مطالبہ، سعودیہ اور قطر پاکستان کی مدد کے لئے متحرک

ترکیے کی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کو مجموعی طور پر 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جو متحدہ عرب امارات کو قرض کی واپسی کے تناظر میں دی جائے گی۔

 

ترک میڈیا کے مطابق یہ پیش رفت گزشتہ روز سعودی وزیر خزانہ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی، جس میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، بڑھتے ہوئے مالی دباؤ اور پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

 

رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اس موقع پر سعودی عرب سے مزید مالی سہولتوں کی درخواست کی، جن میں موجودہ نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور تیل کی فراہمی کے لیے آئل فنانسنگ فیسلٹی کی مدت میں توسیع شامل ہے، جو رواں ماہ کے اختتام پر ختم ہو رہی ہے۔

 

اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے، جبکہ گفتگو کا محور اقتصادی تعاون اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ علاقائی تناظر بھی رہا۔

 

ترک میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مجوزہ 5 ارب ڈالر کی معاونت پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور بیرونی ادائیگیوں کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

 

دوسری جانب ایک سینئر پاکستانی اہلکار کے مطابق پاکستان اپریل کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کو تقریباً 3.5 ارب ڈالر قرض واپس کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، کیونکہ ابوظبی کی جانب سے فوری ادائیگی کی درخواست کی گئی ہے۔

 

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان کے زرِ مبادلہ کے ذخائر تقریباً 16.4 ارب ڈالر ہیں، اور ماہرین کے مطابق بیرونی مالی معاونت معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہوگی۔

جواب دیں

Back to top button