تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

اسلام آباد ٹاکس: امریکہ ایران مذاکرات کا پہلا دور مکمل

اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان جاری اہم سفارتی عمل کے تحت مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے، جو تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ دو سرکاری عہدیداروں نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس مرحلے میں پاکستانی ثالث بھی مذاکرات کا حصہ رہے۔

 

ذرائع کے مطابق ابتدائی بات چیت کا ماحول مثبت رہا اور فریقین نے حساس معاملات پر ابتدائی تبادلہ خیال کیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مختصر وقفے کے بعد سہ فریقی مذاکرات کا دوسرا مرحلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا، جس میں مزید تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔

 

یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ان مذاکرات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سمیت اعلیٰ سطحی امریکی وفد جبکہ ایران کی جانب سے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اہم حکام شریک ہیں۔

 

گزشتہ چند روز سے اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل رکھا گیا ہے اور عالمی میڈیا کی بڑی تعداد شہر میں موجود ہے۔ حکومت پاکستان نے ان مذاکرات کو نہ صرف علاقائی استحکام بلکہ اپنے سفارتی کردار کے لیے بھی اہم قرار دیا ہے۔

 

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ابتدائی مثبت اشارے برقرار رہے تو یہ مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مستقبل میں کسی ممکنہ معاہدے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔

جواب دیں

Back to top button