
آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ 2010 کے سیلاب کے بعد اسی جگہ تعمیرات کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کالام، بحرین، خوازہ خیلہ اور مٹہ میں ریلیف آپریشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔آرمی چیف نےکالام سے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے منتقل کیے گئے متاثرین سے بھی ملاقات کی۔
سیلاب زدگان کی امداد کیلئے اپیل پر بہت اچھا رسپانس ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سوات میں میڈیا سے گفتگو#GeoNews #GeoStandsWithFloodAffectees #GeoFloodUpdates pic.twitter.com/POpmJpig6H
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) August 30, 2022
آرمی چیف نے کانجو کینٹ ہیلی پیڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے تخمینہ کے لیے سروے ضلعی انتظامیہ، صوبائی حکومتیں اور فوج مل کر کریں گے، اس وقت سب سے ضروری کالام روڈ کو کھولنا ہے، امید ہے 6سے 7 دنوں میں کالام روڈ کو کھول دیں گے، کالام میں پھنسے لوگوں کو نکال رہے ہیں، کالام میں اب بحران کی صورت حال نہیں ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کالام میں کافی نقصان ہوا ہے، پل اور ہوٹل تباہ ہوئے ہیں، 2010 کے سیلاب میں بھی یہاں ایسی ہی تباہی ہوئی تھی، دوبارہ ان ہی جگہوں پر تعمیرات کر نے کی اجازت دے کر غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔







