
اداروں کے خلاف بیان دینے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کی ضمانت مسترد کردی گئی۔
اسلام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ظفر اقبال نے بغاوت کے مقدمے میں نامزد شہباز گِل کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے گزشتہ روز درخواست پر فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل پر اداروں میں بغاوت پر اکسانے کا الزام ہے جبکہ وہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران ملزم شہباز گِل کے وکلاء اور اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے دلائل مکمل کر لیے تھے۔
تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج دن 11 بجے سنایا گیا۔
واضح رہے کہ شہباز گِل کی اسلحے کی برآمد کے کیس میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔







