
کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز (سی پی این ای ) کی پنجاب کمیٹی کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیاگیا جس میں سی پی این ای کے صدر کاظم خان، سنیئر نائب صدر ایاز خان، چیئرمین پنجاب کمیٹی ارشاد احمد عارف، جوائنٹ سیکرٹری پنجاب ضیا تنولی، سینئر ممبر ذوالفقار احمد راحت نے مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ ، سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ منصور اور ڈی جی پی آر پنجاب افراز احمد کو خوش آمدید کہا۔
سی پی این ای پنجاب کمیٹی کے عصرانے میں گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت ایڈورٹائزمنٹ پالیسی پر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نظرثانی کررہی ہے تاکہ اسی کے مطابق متفقہ فیصلہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کیلئے کمیٹی کے قیام جس میں سیکریٹری انفارمیشن اور ڈی جی پی آر کو بھی شامل کرنے پر اتفاق کیاگیا ۔ اسی طرح اشتہارات کی تعداد میں اضافے پر بھی اتفاق سامنے آیااور مشیر اطلاعات نے کہا کہ اشتہارات آن لائن ریلیز ہوں گے ، سرکاری اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم سے متعلق سی پی این ای نشاندہی کرے جس کے لئے پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی اور اشتہارات صرف حقیقی اور مستند اخبارات کو ہی جاری کیئے جائیں گے۔
سیکرٹری انفارمیشن پنجاب راجہ منصور نے کہا کہ وفاق کی طرح پنجاب میں بھی 85/15 فارمولے کا نفاذ کردیاگیا ہے۔ کسی بھی اخبار کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی سبھی کو ان کا حق دیں گے، کسی ریجنل اخبار کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا کیونکہ ہم میڈیا کی آزادی اورتعاون پر یقین رکھتے ہیں۔
ملاقات میں تمام ممبران کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے اشتہارات کی تقسیم ڈی جی پی آر کی ویب سائٹ پر آویزاں کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
ڈی جی پی آر پنجاب افراز احمد نے کہا کہ میڈیا کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے اور ہمہ وقت اِس سلسلے میں حاضر ہیں۔
قبل ازیں چیئرمین پنجاب کمیٹی ارشاد احمد عارف نے امید ظاہر کی کہ حکومت پرنٹ میڈیا کی خدمات اور اہمیت کو نہیں بھلا پائے گی کیونکہ پرنٹ میڈیا ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے ہمیشہ اِسے تسلیم کیا جاتا ہے۔
سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے پرنٹ میڈیا کے مسائل دور کیے جانے چاہئیں کیونکہ یہ جتنی بڑی انڈسٹری ہے اِس کے اتنے ہی بڑے مسائل ہیں۔ سینئر نائب صدر ایاز خان نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت کا تقاضا ہے کہ پرنٹ میڈیا کو درپیش مسائل کو جلد ازجلد حل کیا جائے کیونکہ میڈیا کو جتنی آسانی دی جائے گی اس کے اتنے ہی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
سینئر ممبر ذوالفقار احمد راحت نے کہا کہ درمیانے درجے کے میٹروپولیٹن اور علاقائی اخبارات انتہائی مہنگے نیوز پرنٹ اخراجات کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جس کے لئے حکومت ریلیف پیکیج، اشتہارات کے ریٹ میں اضافہ اور ایسا لائحہ عمل تیار کرے جس سے اخباری اداروں کو مالی طور پر مستحکم کرنے میں مدد مل سکے۔
جمیل اطہر قاضی نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کئی سالوں سے شدید مالی بحران کا شکار رہا ہے لیکن اس کے باوجود استقامت کے ساتھ ہم نے کام کیا ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ حکومت ہماری مشکلات کا اندازہ کرتے ہوئے فی الفور ان کے ازالے کے لیے پیش رفت کرے گی۔
عصرانے میں سی پی این ای کے اراکین یوسف نظامی، زبیر محمود، اویس رازی، جمیل اطہر قاضی، وقاص طارق فاروق، ہمایوں سلیم، عرفان اطہر، گلزار مصطفی، سید مصور علی زنجانی، عثمان غنی، علی ارباز خان، دیوان جاوید سلیم، توفیق الرحمن، محمد ارشد روحانی، شہزاد امین، محمد اکمل چوہان، عثمان بن احمد، اسلم میاں، صفدر علی خان، ذیشان شبیر ، رانا فہد صفدر اور بلال اسلم و دیگر نے شرکت کی۔







