
تحریک انصاف کے چیئرمین ، سابق وزیراعظم عمران خان نے ملک میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔
ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ ابھی الیکشن کراؤ، نہیں کرایا تو اپنی قوم کو تیار کررہا ہوں اورکال دوں گا، شہباز شریف کی اسلام آباد میں چھوٹی سے حکومت ہے، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان چاروں طرف سے لوگ نکلیں گے، آپ انہیں نہیں روک سکیں گے۔میرے کال دینے سے پہلے الیکشن کا اعلان کردیا جائے گا۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو سیلاب متاثرین کے پاس رکنا چاہیے تھا لیکن وہ بھیک مانگنے قطر چلے گئے، چوروں کو کوئی پیسا نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کہا تھا جن لوگوں نے ظلم کیا انہیں نہیں چھوڑوں گا، ایسا کیا کہا تھا کہ جو دہشت گرد بنا دیا گیا۔میں اپنے اداروں کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، تنقید تعمیری ہونی چاہیے، نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان نے جس طرح اداروں پر تنقید کی، میں ایسا نہیں کرتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ پنجاب میں دھاندلی کے باوجود ایسا پھینٹا پڑا کہ ان کی ٹانگیں کانپنی شروع ہوگئی ہیں۔







