تازہ ترینتحریکخبریں

عمران خان نے ملعون سلمان رشدی پر حملے کو افسوسناک قرار دیدیا

سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانوی مصنف ملعون سلمان رشدی  پر قاتلانہ حملے کو خوفناک اور  افسوسناک قرار دیا ہے۔

برطانوی اخبار دی گارجین کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سلمان رشدی ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتا ہے اور جانتا ہے کہ پیغمبر اسلام ﷺ ہمارے دلوں میں بستے ہیں اور ہم ان کے لیے کس حد تک محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اس لیے وہ سلمان رشدی کی کتاب پر ردعمل میں عالم اسلام میں پائے جانے والے غم و غصے کو سمجھ سکتے ہیں لیکن یہ کسی صورت بھی اس پر قاتلانہ حملے کا جواز نہیں ہے۔

آزادی اظہار پر قدغن لگانے سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے میڈیا پر کبھی پابندیاں نہیں لگائیں، تین چار بار ایسا ہوا کہ انہیں معلوم ہوا کہ سکیورٹی ایجنسیوں نے کسی کو اٹھا لیا ہے، جیسے ہی مجھے پتا چلا تو فوراً ان کی رہائی کا بندوبست کرایا۔

یاد رہے کہ عمران خان کی حکومت کو صحافیوں کو دھمکانے سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے دنیا بھر میں صحافتی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا رہا، آزادی اظہار کے لیے سرگرم تنظیم رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز نے انہیں میڈیا پریڈیٹر قرار دیا تاہم ایک حالیہ بیان میں تنظیم کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے جانے اور شہباز شریف کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بھی صحافیوں کو ہراساں کرنے اور دھمکائے جانے کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے۔

جواب دیں

Back to top button