وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ شہباز گل خوش قسمت ہیں کہ فیصل آباد سے تعلق ہے، ہم پر ایک ٹیلی فون گفتگو سننے اور تالی بجانے پر دہشتگردی کے مقدمات بنے، ہم نے کیا دہشت گردی کی تھی؟
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ہم پر عام لوگوں کو تشدد پر اکسانے پر مقدمے بنے، شہباز گل پر جوانوں کو اکسانے پر کیا دہشت گردی کا مقدمہ بنا؟ کہتے ہیں اظہار رائے ہے، کراچی کے بچے اور کسی دوسرے علاقے کے لوگوں کے ساتھ الگ سلوک ہے، فوج کے حوصلوں کو کمزور کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ شہباز گل نے خود نہیں پوری منصوبہ بندی سے ہرزہ سرائی کی، اینکر کو بھی کہہ دیا گیا کہ بیٹا خاموش رہنا ہے، ہیلی کاپٹر حادثے کے معاملے پر بھی بدتمیزی کی گئی۔