تازہ ترینخبریںپاکستان

شہری حب ڈیم اوور فلو ہونے کے خوبصورت نظارے کے منتظر

مون سون کے آغاز میں ہی بلوچستان اور سندھ کے پہاڑی سلسلے میں مسلسل بارشوں سے کراچی اور لسبیلہ کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم مکمل بھرنے کے قریب ہے جس کے بعد شہری حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے خوبصورت نظارے کو ہفتوں تک دیکھ سکیں گے۔

کراچی کے قریبی سندھ بلوچستان کے بارڈر پر واقع حب ریور پر 1981ء میں مکمل کیے گئے حب ڈیم کو مکمل بھرنے کا پیمانہ 339 فٹ ہے، جس کے بعد ڈیم اوور فلو ہونے لگتا ہے اور ڈیم کے اسپل ویز سے پانی بہہ کر حب ندی کے راستے سمندر میں جانے لگتا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق اسپل ویز سے پانی کا اخراج انتہائی خوبصورت آبشاروں کا منظر پیش کرتا ہے اور حب ڈیم کا یہ علاقہ ایک بڑا پکنک پوائنٹ بن جاتا ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں اور خاص طور پر کراچی سے لوگوں کی بڑی تعداد حب ڈیم کے اسپل ویز سے پانی کے اخراج کو دیکھنے کے لیے پہنچ جاتی ہے۔

حب ڈیم کا انتظام چلانے والے ادارے واپڈا کے ایک منتظم افسر سہیل صدیقی کے مطابق بارشوں کے حالیہ سلسلے سے قبل حب ڈیم میں سطحِ آب 322 فٹ پر تھی۔

8800 کلو میٹر پر پھیلے حب ڈیم کے کیچمنٹ ایریا میں غیر معمولی بارشوں سے گزشتہ ہفتے سے آج پیر کی صبح تک حب ڈیم میں سطحِ آب میں 14 فٹ کا غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، پیر کی صبح حب ڈیم کا لیول 336 فٹ کے اوپر تھا۔

سہیل صدیقی کے مطابق کیچمنٹ ایریا سے ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ابھی تو مون سون کا آغاز ہے جب کہ پورا سیزن ابھی باقی ہے

انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ ایک دو دن کے دوران حب ڈیم مکمل طور پر بھر جائے گا اور اس کے اسپل ویز سے پانی کا اخراج شروع ہو جائے گا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ڈیم کے نیچے حب ندی کے آس پاس کی آبادیوں کے مکینوں کو اگرچہ کوئی خطرہ نہیں تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے اس صورتِ حال سے خبردار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حب ڈیم سے نکلنے والی ایک کینال کے ذریعے 100 ملین گیلن پانی کراچی کو دیا جاتا ہے جبکہ دوسری نہر کے ذریعہ پانی لسبیلہ ڈسٹرکٹ میں آبپاشی کے لیے سپلائی کیا جاتا ہے

جواب دیں

Back to top button