
عید الاضحی پر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے مویشی منڈیوں اور عید کی تعطیلات کےموقع پر ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ضلع کے تین سیکٹرز میں 2سو کے قریب افسران اور جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گیں۔
ایس ایس پی ٹریفک قمر حیات خان کی سربرائی میں مویشی منڈیوں کے اطراف میں سڑک پر غیر ضروری پارکنگ اور روڈ کی روانی کو بحال رکھنے کے علاوہ عید الضحی کے موقع پر آنے والے سیاحوں کو سہولیات دینے کی خاطر ٹریفک پولیس ایبٹ آباد نے مکمل ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے۔جس کے پیش نظر ٹریفک پولیس کے تینوں سیکٹرز کے ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی ٹریفک پولیس کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔
سیکٹر نمبر 1 چمبہ پل تا باڑیاں بمعہ دہمتوڑ بائی پاس میں ڈی ایس پی ثمینہ ظفر کی زیر نگرانی ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دیں گے، سیکٹر نمبر 2شہر اور ہسپتال روڈ پر ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹر یوسف خان کی زیر نگرانی ٹریفک اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور اسی طرح سیکٹر 3 مری چوک تا قلندرآباد قائم مقام ڈی ایس پی سعید یدون کی زیر نگرانی ٹریفک اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ایس ایس پی ٹریفک کی ہدایت پر دو سو کے قریب ٹریفک پولیس ایبٹ آباد کے افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں جن کی مکمل نگرانی ایس ایس پی ٹریفک کریں گے۔
جملہ ڈی ایس پیز کہ سیکٹرز میں جگہ جگہ لگی منی منڈیوں کو ختم کرنے اور روڈکی روانی کو برقرار رکھنے اور غیر ضروری پارکنگ کو ختم کرنا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ عید کے موقع پر آنے والے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو سہولیات دینے کی خاطر تمام سیاحتی مقامات پر اضامی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی صورت حال سے نپٹا جا سکے۔







