تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن اور حافظ برادرز میڈیا سلوشن کے درمیان ایم او یو کی تقریب

پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن اور حافظ برادرز میڈیا سلوشن کے درمیان ایم او یو کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی آف لاہور میں منعقد ہو ئی

جس میں چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف ، سابق ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق ، حافظ محمد اویس اورفائونڈیشن کے سی ای او فرحان احمدنے شرکت کی ۔

تقریب میں چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کی طرف سے سی ای او فرحان احمد جبکہ حافظ بردارز کی طرف سے حافظ محمد اویس نے ایم او یو پر دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف نے کہا کہ اگست ستمبر تک چلڈرن ہسپتال کا گرے سٹرکچر مکمل ہو جائے گا اور انشا اللہ اگلے سال کے اختتام تک ہسپتال کو فعال کر دیا جائے گا۔

ہماری کوشش ہو گی کہ سی ایچ ڈی جیسے مرض میں مبتلا بچوں کو پورے ملک میں علاج کی سہولت فراہم کر سکیں ۔

یہ نیک کام ہے جس میں فرحان احمد اور مصباح الحق دونوں مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ یونیورسٹی آف لاہور اس ہسپتال کی تعمیر اور دیگر امور میں ہمیشہ تعاون کرتی رہے گی ۔

حافظ برادزکا بھی شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے فائونڈیشن کے ساتھ ایم او یو سائن کیا ۔ شہر کے اندر بل بورڈز کے زریعے یہ عوام میں آگاہی پھیلائیں گے ۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر مصباح الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 50فیصد لوگوں کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ بچوں میں پیدائش کے فوری بعد دل کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں ۔

بیرون ممالک میں یہ آگاہی عام ہے ۔ہر سال تقریبا20ہزار بچے دل کے عارضے کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں جنکو سرجری یا دیگر علاج معالجے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ علاج عام نہیں ہے ۔

مصباح الحق نے مزید کہا کہ چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رئوف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یونیورسٹی کے اندر ہسپتال کے لیے جگہ دی ۔ یہ انکی اعلی ظرفی ہے جو اتنی قیمتی زمین فائونڈیشن کو عطا کی ہے ۔اسکے علاوہ بھی یونیورسٹی آف لاہور بچوں کی سرجری میں تعاون کر رہی ہے ۔

ڈائریکٹر حافظ برادرز حافظ محمد اویس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکے لیے خوشی کا موقع ہے کہ وہ ہارٹ فائونڈیشن کے فلاحی کام میں اپنا حصہ ڈالیں گے ۔ ہم بل بورڈز کے ذریعے فائونڈیشن کے پیغام کو عوام تک پہنچائیں گے کہ بچوںکے دل کے امراض قابل علاج ہیں صرف آگاہی کی کمی ہے ۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارٹ فائونڈیشن فرحان احمد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی تعمیر کا کام چیئرمین اویس رئوف اور مصباح الحق کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا ۔ اللہ کے فضل سے آج ہم نے گرے سٹرکچر کا تقریبا مکمل کر لیا ہے جس پر 29کروڑ کے اخراجا ت آئے ہیں ۔ اگست ستمبر تک گرے سٹرکچر کا کام مکمل کرنے کے لیے مزید پانچ کروڑ کی ضرورت ہے ۔اسکے بعد فنشنگ کا کام شروع ہوگا۔

اس پروجیکٹ کی لاگت کا کل تخمینہ 1ارب 25کروڑ تھا جو افراط زر کے باعث بڑھ کر 2ارب پچاس کروڑ تک پہنچ گیا ہے ۔2012میں فائونڈیشن نے کام شروع کیا تھا جس کے بعد 2018میں مصباح الحق نے جوائن کیا ۔مصباح الحق فنڈ ریزنگ میں ہارٹ فائونڈیشن کی جس طرح مدد کر رہے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔

جواب دیں

Back to top button