تازہ ترینخبریںپاکستان

چیف جسٹس نے موجودہ صورت حال کا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ نے موجودہ صورت حال کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا، اٹارنی جنرل بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی تجویز پر صدر مملکت عارف علوی قومی اسمبلی تحلیل کر چکے ہیں، اس سے قبل ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد غیر آئینی قرار دے کر مسترد کر دی تھی۔

ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ میں کہا قرارداد آئین کے آرٹیکل 5 اے کے منافی ہے، یہ عالمی سازش کے تحت لائی جا رہی ہے، کسی غیر ملکی طاقت کو حق نہیں کہ منتخب حکومت سازش کے تحت گرائے۔

بعد ازاں، وزیر اعظم عمران خان کی سفارش پر صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری دے دی، صدر نے اسمبلی تحلیل کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل اٹھاون ون اور اڑتالیس ون کے تحت دی۔

وزیر اعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے غیر ملکی ایجنڈا تھا، ملک کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے، بیرونی قوت یا کرپٹ لوگوں نے نہیں، قوم انتخابات کی تیاری کرے۔

دوسری طرف اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پارلیمنٹ کی کارروائی پر چیف جسٹس کو خط لکھ دیا تھا، جس میں انھوں نے اسمبلی کارروائی سے آگاہ کیا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے نوٹ پر چیف جسٹس نے ساتھی جج سے مشاورت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button