
اسلام آباد میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر ریڈ زون مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، سیرینا چوک، نادرا چوک، ڈی چوک، میریٹ چوک سمیت تمام راستے بند کردیے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ میں وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق مختلف آئینی و قانونی معاملات کے حوالے سے دائر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست اور وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کیے گئے صدارتی ریفرنس کی سماعت آج ہو رہی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان ،جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن ،جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل ،جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
سماعت کے آغاز سے قبل پولیس کی بھاری نفری ریڈ زون کے داخلی راستوں پر تعینات ہے، سپریم کورٹ اور سیکریٹریٹ جانے والے سائلین اور ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیکرٹریٹ اور سپریم کورٹ جانے کیلئے صرف مارگلہ روڈ والا راستہ کھلا ہے، سپریم کورٹ کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، واٹر کینن بھی قریب پہنچادی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریڈ زون کے داخلی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔







