تازہ ترینخبریںپاکستان

اومیکرون: اسکولوں میں 50 فیصد حاضری کا فیصلہ، انڈور تقریبات پر پابندی

خیال رہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے بعد سے ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور کیسز کی مثبت شرح 9 فیصد سے بھی زائد ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے ’اومیکرون‘ ویرینٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں اِن ڈور اجتماعات، 12 سال سے کم عمر طلبہ کے لیے 50 فیصد حاضری سمیت متعدد پابندیاں عائد کردیں۔

این سی او سی کا اجلاس وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور نیشنل کوآرڈینیٹر میجر جنرل محمد ظفر اقبال کی سربراہی میں ہوا جس کے دوران ملک میں وبا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کی نئی پابندیوں کا اطلاق 20 سے 30 جنوری تک جاری رہے گا، اس دوران 27 جنوری کو صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

تاہم شادیوں کے لیے عائد کردہ پابندیاں سے 24 جنوری سے نافذالعمل ہو کر 15 فروری تک جاری رہیں گی۔

اسی طرح انڈور ڈائننگ پر پابندی کا اطلاق بھی 24 جنوری سے ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی اکائیوں سے مشاورت اور غور و خوض کے بعد مندرجہ ذیل اقدامات پر اتفاق کیا گیا:

وہ علاقے جہاں کیسز مثبت آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہے:

  • انڈور شادیوں، اور ہر قسم کی تقریبات پر پابندی
  • آؤٹ ڈور شادیوں، تقریبات کی صرف 300 مہمانوں کی شرکت کے ساتھ اجازت
  • ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر پابندی
  • آؤٹ ڈور ڈائننگ کی صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو اجازت
  • صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جمز، سینما گھروں، تفریحی پارکس اور مزارات پر جانے کی اجازت
  • براہ راست رابطے میں آنے والے کھیلوں مثلاً کراٹے، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ پر پابندی
  • 12 سال سے کم عمر بچوں کی ایک دن چھوڑ کر ایک دن 50 فیصد گنجائش کے ساتھ اسکولوں میں حاضری کی اجازت
  • 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کے مکمل ویکسینیٹڈ ہونے کی صورت میں 100 فیصد حاضری کی اجازت

وہ علاقے جہاں کیسز مثبت آنے کی شرح 10 فیصد تک ہے:

  • انڈور تقریبات، شادیوں میں صرف 300 مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت
  • آؤٹ ڈور تقریبات، شادیوں میں 500 مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت
  • صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت
  • صرف مکمل ویکسینیٹڈ افراد کو ہر قسم کے کھیلوں کی اجازت
  • 12 سال سےکم عمر بچوں کے لیے کووڈ پروٹوکولز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت
  • 12 سال کی عمر سے زائد مکمل ویکسینیٹڈ طلبہ کے لیے کووڈ پروٹوکولز کے ساتھ تعلیمی سرگرمیوں کی اجازت

ملک بھر میں نافذ کردہ عمومی پابندیاں

  • طبی استثنیٰ کے علاوہ یکم فروری سے 12 سال سے زائد عمر کے تمام طلبہ کے لیے کووڈ ویکسین کا کم از کم ایک ٹیکہ لگوانا لازمی ہے۔
  • تعلیمی اداروں میں بھرپور ٹیسٹنگ کی جائے گی اور بیماری کے زیادہ پھیلاؤ کی صورت میں متاثرہ اداروں کو بند کیا جائے گا۔
  • اس سلسلے میں وفاقی اکائیاں صحت حکام کے ساتھ تعلیمی اداروں کی بندش کے لیے کیسز کی تعداد یا شرح کا تعین کریں گے۔
  • مارکیٹس، کاروباری ادارے بغیر وقت کی پابندی کے اپنا کام جاری رکھیں گے۔
  • پبلک ٹرانسپورٹ مسافروں کی 70 فیصد گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی جس میں ہر مسافر کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا جبکہ کھانے پینے کی اشیا فراہم کرنے پر پابندی ہوگی۔
  • ریلویز میں 80 فیصد گنجائش کے ساتھ مکمل ویکسینیٹڈ مسافروں کو سفر کی اجازت ہوگی۔
  • دفتروں میں مکمل ویکسینیٹڈ ملازمین کو 100 فیصد حاضری کے ساتھ کام جاری رکھنے کی اجازت ہوگی البتہ گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
  • اندرونِ ملک فضائی سفر کے دوران کھانے، مشروبات پر پابندی اور ماسک پہننا لازمی ہوگا۔
  • تمام وفاقی اکائیاں مساجد، عبادت گاہوں میں ماسک پہننے سمیت احتیاطی تدابیر کا نفاذ یقینی بنائیں گی۔
  • خطرے کے حساب سے ٹارگٹڈ لاک ڈاؤنز لگائے جاسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے بعد سے ملک بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روز بروز بڑھتا جارہا ہے اور کیسز کی مثبت شرح 9 فیصد سے بھی زائد ہو چکی ہے۔

اس سلسلے میں این سی او سی نے 18 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کر چکے ہیں انہیں بوسٹر شاٹس لگوانے کی ہدایت دی ہے۔

دو روز قبل ہوئے اجلاس میں این سی او سی نے کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے پیش نظر تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کو مؤخر کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ کیسز کی مثبت شرح کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 5 ہزار 472 کیسز سامنے آئے جبکہ فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 44 ہزار 717 تک جا پہنچی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button