
وزیرِاعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، تجارت کو 2 ارب ڈالرز تک بڑھانا چاہتے ہیں۔
بشکیک میں کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ شاندار میزبانی پر صدر کرغزستان کا شکر گزار ہوں، جمہوریہ کرغز کے یوم آزادی پر کرغزستان کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے جمہوریہ کرغز کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر بھی مبارک باد دی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر جمہوریہ کرغز کی قیادت تحسین کی مستحق ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دو طرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے، دو طرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئند ہے، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی،ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، پاکستان اور کرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اور کرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مل کر کام کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اتفاق رائے طے پایا ہے







