
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر برائیڈن کارس ڈربی کے ایک نائٹ کلب میں پیش آنے والے واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے حراست میں لے لیے گئے، کھلاڑی کو ہتھکڑیوں میں پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق برائیڈن کارس کو پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ہتھکڑیوں میں نائٹ کلب سے باہر لے جاتے ہوئے دیکھا گیا، کارس کے ساتھ ان کے ڈرہم ٹیم کے ساتھی میتھیو پوٹس بھی موجود تھے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈربی میں گزشتہ رات پیش آنے والے واقعے سے آگاہ ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، مزید معلومات دستیاب ہونے پر آگاہ کیا جائے گا۔
31 سالہ برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس نے ڈربی میں ڈربی شائر کے خلاف کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوسرے ڈویژن کے میچ میں ڈرہم کی نمائندگی کی تھی، جس میں ڈرہم نے 338 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
کارس انگلینڈ کی جانب سے 14 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور 26-2025ء کی ایشز سیریز میں انگلینڈ کے نمایاں ترین بولر رہے ہیں جہاں انہوں نے 22 وکٹیں حاصل کیں۔
انہیں پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے ابتدائی 2 میچز کے لیے انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا تاہم لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، پاکستان نے یہ میچ اننگز اور 103 رنز سے جیت لیا تھا







