تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیات

نیپال تباہ کن سیلاب: ہلاکتیں 469 ہوگئیں، ایک اور جھیل پھٹنے کا خدشہ

نیپال میں بدھ کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جمعہ کو بھی جاری ہیں، تاہم ملبے تلے دبے افراد کے زندہ ملنے کی امیدیں تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 469 تک پہنچ گئی ہے جبکہ نیپال اور پڑوسی علاقے تبت میں تقریباً ایک ہزار افراد تاحال لاپتا ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہمالیہ کے پہاڑی علاقے میں گلیشیئر کے ٹوٹنے کے بعد بڑی مقدار میں پانی، برف، چٹانیں، کیچڑ اور ملبہ دریاؤں میں آیا، جس نے راستے میں آنے والے کئی دیہات اور وادیاں تباہ کردیں۔ سیلاب سے بجلی گھر، سڑکیں اور پل بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے کیچڑ اور ملبہ ہٹا کر ممکنہ زندہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں پھنسے لوگوں تک امدادی سامان پہنچایا جا رہا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے تربیت یافتہ کتوں کی مدد سے بھی لاشیں تلاش کی ہیں۔

نیپال کے ضلع چتوان کے انتظامی افسر گنیش آریال کے مطابق دریائی نظام سے اب تک 103 لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی اسپتالوں میں تمام لاشوں کو رکھنے کی گنجائش نہیں، اس لیے ضلعی انتظامیہ خیمے لگا کر لاشیں محفوظ کرنے اور لواحقین کے حوالے کرنے کے انتظامات کر رہی ہے۔

سیلاب سے متاثرہ رسووا شہر سے جمعرات کو بچائے جانے والے افراد میں دیبگا تمانگ بھی شامل تھے، جنہیں تین دیگر افراد کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے نواکوٹ کے فوجی کیمپ منتقل کیا گیا۔

دیبگا تمانگ نے اپنی تباہ شدہ بستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام لوگ جا چکے ہیں، وہ مر چکے ہیں۔ میرا انتظار کرنے والا بھی اب کوئی نہیں۔ سب کچھ اور سب لوگ ختم ہوگئے۔

دریں اثنا سیلاب کے بعد ایک اور بڑے خطرے نے حکام کی تشویش بڑھا دی ہے۔ ملبے سے بھوٹیکوشی دریا کا راستہ بند ہونے کے باعث ایک جھیل بن گئی ہے، جس میں پانی مسلسل بڑھ رہا ہے اور اس کے اچانک پھٹنے کا خدشہ ہے۔

چین کی جانب سے بھی خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران تقریباً 30 لاکھ مکعب میٹر پانی پہلے ہی بند جھیل میں داخل ہوسکتا ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق جھیل کے بند سے پانی نکلنے کا خطرہ موجود ہے اور پانی کا بہاؤ یکم ستمبر کے آس پاس عروج پر پہنچ سکتا ہے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق گیرونگ کاؤنٹی میں 558 افراد لاپتا ہیں، جن میں 260 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ چین میں اب تک تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے

جواب دیں

Back to top button