تازہ ترینخبریںدنیاسیاسیاتپاکستان

ایران امریکی مجوزہ معاہدے پر آج ردعمل دے سکتا ہے، امریکی میڈیا

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران آج جنگ بندی سے متعلق امریکی تجویز پر اپنا باضابطہ مؤقف ثالث ممالک کو دے سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق واشنگٹن اور تہران جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ رہے ہیں، جبکہ ایران امریکی تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے رہا ہے۔

 

سی این این نے ایک ذریعے کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور جنگ بندی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران امریکی تجاویز پر غور کے بعد ثالث ملک پاکستان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گا۔

 

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی “پسپائی” کے بعد ایران نے مذاکراتی عمل پر دوبارہ غور شروع کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران حتمی نتیجے پر پہنچنے کے بعد ثالث کو آگاہ کرے گا۔

 

رپورٹ کے مطابق ایران نے اب تک امریکی تجاویز پر کوئی سرکاری جواب نہیں دیا کیونکہ ان میں بعض “ناقابلِ قبول شقیں” شامل ہیں۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ امریکی میڈیا میں جاری خبروں کا مقصد ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ اقدامات کو جواز فراہم کرنا ہے۔

 

ایرانی ذرائع کے مطابق امریکہ کی دھمکی آمیز پالیسی ایران کے خلاف مؤثر ثابت نہیں ہوئی بلکہ اس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے پہلے ہی پاکستانی ثالث کے ذریعے 14 نکاتی “معقول اور منطقی” تجاویز پیش کی تھیں، تاہم امریکی اقدامات کے باعث مذاکراتی عمل عارضی طور پر متاثر ہوا۔

 

ذرائع نے مزید کہا کہ ایران امریکی تجاویز پر غور کر رہا تھا لیکن واشنگٹن کی حالیہ کارروائیوں نے جائزے کے عمل میں رکاوٹ پیدا کر دی۔

جواب دیں

Back to top button