
پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے متعدد ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو پاکستانی سکیورٹی فورسز نےنشانہ بنا کر تباہ کردیا۔
پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان طالبان کی چیک پوسٹیں تباہ کردیں، مزید 3 طالبان ہلاک کردیے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کر دیں۔
سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے اور مزید8 طالبان جنگجو ہلاک کردیے۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق 58 افغان طالبان ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق موثر جوابی حملوں میں 12پوسٹیں مکمل تباہ کردی گئی جبکہ 5 پر قبضہ کرلیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، پاکستانی سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ذریعے گولہ باری جاری ہے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں







