
*پاکستان کی ای اسپورٹس کی دنیا میں انٹری: پی ایف ایف صدر محسن گیلانی نے ‘فیفا ای 2026’ میں شرکت کی تصدیق کر دی*
لاہور: پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ پاکستان ‘فیفا ای 2026’ سیزن میں شرکت کرے گا۔ یہ فیصلہ پاکستان میں ای اسپورٹس کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر روشناس کروانے کے لیے پی ایف ایف کی جانب سے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا کہنا ہے کہ "ہم بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ فیفا ای سیزن میں شرکت سے پاکستان میں فٹ بال گیمنگ کے شوقین نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملے گا۔”
پاکستان اس مقابلے کے تین اہم ٹائٹلز میں سے ‘ای فٹ بال کنسول’ میں حصہ لے گا۔ اس سلسلے میں بہترین گیمرز کی تلاش کے لیے ملک گیر سطح پر ٹرائلز اور سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا، جس کے لیے پی ایف ایف ایک ‘نیشنل پارٹنر’ کی خدمات بھی حاصل کرے گی۔
شرکت کے لیے اہلیت کا معیار: رجسٹریشن کے وقت امیدوار کی عمر کم از کم 16 سال ہونی چاہیے۔ امیدوار کا FIFA.GG پر رجسٹرڈ ‘فیفا ای پلیئر اکاؤنٹ’ ہونا ضروری ہے۔ امیدوار پر کسی بھی قسم کی عالمی پابندی (RLCS، کونامی یا فیفا ای کی جانب سے) عائد نہ ہو۔
ان ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والے گیمرز 2026 کے فیفا ای سیزن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس کا اختتام سال کے آخر میں سعودی عرب میں ہونے والے ‘فیفا ای ورلڈ کپ 2026’ پر ہوگا۔






